09 جنوری ، 2021
ائیرپورٹس پر کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کی پابندی کرانے والے پارٹی میں خود دھجیاں اڑانے لگے۔
جیو نیوز کو موصول سال نو کی پارٹی کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ائیرپورٹس پر کورونا ایس او پیز کی پابندی کرانے والے خود دھجیاں اڑا رہے ہیں اور ایوی ایشن افسران نے بند جگہ پر پارٹی کی۔
سی اےاے کلب پر نیو ائیر پارٹی کی فوٹیج میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ڈپٹی ڈی جی ائیرپورٹ سروسز عامر محبوب خود افسران کو ڈانس کرواتے رہے جبکہ ڈائریکٹر ایچ آر ملک مظہر، ایڈیشنل ڈاریکٹر ایچ آر قیصر یار خان اور دیگر بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔
سندھ حکومت کی انڈور پارٹیز پر پابندی کی سی اے اے افسران کھلی خلاف ورزی کرتے رہے جبکہ نیو ائیر پارٹی میں زیادہ تر شرکاء بغیر ماسک کے تھے۔
ذرائع نے جیو نیوزکو بتایا کہ500 افراد سال نو کی اس پارٹی میں شریک تھے اورپارٹی کیلئے سی اے اے افسران نے سرکاری فنڈز کا استعمال بھی کیا۔
دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی سعد ایوب نے تقریب کے حوالے سے کہا کہ پروگرام سی اے اے کلب کا تھا جس میں فیلمیز بھی شریک تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تقریب کے اخراجات سی اے اے نے برداشت نہیں کیے بلکہ یہ اسپانسرڈ پروگرام تھا، ہال میں 800 افراد کی گنجائش تھی لیکن 400 لوگوں کو داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار کورونا وائرس کا شکارہوکر قرنطینہ میں ہیں اورجناح ٹرمینل پر دو درجن سے زائد افسران کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔