10 جنوری ، 2021
زندہ دلان لاہور کئی روز سے بدبو اور تعفن زدہ ہوا میں سانس لینے پر مجبور شہر میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر کھلے عام انتظامیہ کا منہ چڑا رہے ہیں۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور تین روز گزر جانے کے بعد بھی کسی جگہ صفائی نہ ہو سکی، شہر میں گندگی کے ڈھیر بدستور موجود ہیں۔
حبیب اللہ روڈ، گڑھی شاہو، فلیمنگ روڈ گندگی سے شدید متاثر ہیں جبکہ سنگھ پورہ، سبزہ زار، بھاٹی گیٹ اور مغلپورہ میں بھی کچرا ہی کچرا ہے۔
اس کے علاوہ ٹاؤن شپ، ہربنس پورہ، لوہاری گیٹ اور لنڈا بازار میں بھی کوڑے کرکٹ کے انبار ہپں اور گلبرگ، شادمان، اچھرہ، انار کلی، لٹن روڈ کے علاقے بھی گندگی سے متاثر ہیں۔
ساندہ، منٹگمری روڈ، ریلوے اسٹیشن، دو موریہ پل کے علاقوں میں کوڑے کرکٹ کی بھرمار کی وجہ سے شہری شدید پریشان ہیں۔
دوسری جانب ترجمان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ صفائی کا کام جاری ہے، ایک دو روز میں مکمل صفائی کر دی جائے گی۔