معروف بھارتی اداکارہ کی سابقہ منیجر 5 من منشیات سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار

گرفتار افراد میں بالی وڈا داکارہ دیا مرزا کی سابقہ منیجر راحیلہ اور ان کی بہن شائستہ شامل ہیں: رپورٹس— فوٹو:فائل

بھارتی تحقیقاتی ایجنسی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کی سابقہ منیجر راحیلہ فرنیچر والا کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق این سی بی نے ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں چھاپہ مار کر 200 کلو گرام گھانجا برآمد کیا اور آپریشن میں 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار افراد میں بالی وڈا داکارہ دیا مرزا کی سابقہ منیجر راحیلہ اور ان کی بہن شائستہ شامل ہیں جبکہ گرفتار تیسرا شخص کرن سجنانی برطانوی شہری  ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایک اطلاع پر باندرہ ویسٹ میں چھاپہ مارا گیا جہاں فلیٹ سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی اور وہاں سے گرفتار غیرملکی شہری سے تفتیش کی گئی تو یہ دائرہ خواتین تک جا پہنچا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں خواتین بالی وڈ اداکاروں اور دیگر بڑی شخصیات کو منشیات پہنچانے میں ملوث ہیں جبکہ اس کیس کا تعلق سشانت سنگھ راجپوت کیس سے بھی ہے۔

این سی بی نے تینوں کی گرفتاری کے بعد مقدمہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

مزید خبریں :