کاروبار
Time 11 جنوری ، 2021

عوام پر ایک اور 'بجلی بم' گرا دیا گیا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔

نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اکتوبر اور نومبر 2020 کے مہینوں کے لیے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا نے نے 30 دسمبر 2020 کو دونوں مہینوں کی ایف سی اے پر عوامی سماعت کی اور بجلی کی قیمت میں ایک روپے 6 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 29 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا جبکہ نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت 77 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق صرف جنوری کے مہینے کے بلوں پر ہو گا، اضافے کا اطلاق لائن لائف صارفین کے علاوہ ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہو گا۔

نیپرا اعلامیے کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کی قیمیت میں اضافے سے صارفین پر 8 ارب 40 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔