12 جنوری ، 2021
شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں بہادر سپاہی عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار جلال آل نے پاکستانی اداکار فیروز خان کو ترکی میں کھانے پر مدعو کیا ہے۔
اداکار فیروز خان کی جانب سے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دو تصاویر شیئر کی گئیں تصاویر میں اداکار کو کسی کا انتظار کرتے ٹہلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ایک تصویر میں وہ کسی کو فون بھی کر رہے ہیں۔
فیروز خان نےشیئر کی گئی تصویر میں کیپشن درج کیا کہ ’مجھے اس وقت بہت بھوک لگ رہی ہے اور یہی اس کا عنوان ہے‘۔
اداکار کی اس پوسٹ پر جہاں انسٹاگرام کے پاکستانی پار صارفین کی جانب سے بھی تبصروں کا آغاز ہوا وہیں پاکستان کے دورے پر آئے تُرک اداکار جلال آل نے بھی کمنٹ کیا۔
ترکش اداکار جلال آل نے فیروز خان کی پوسٹ پر ترکش زبان میں کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے بھائی، استنبول آئیں، جہاں میں آپ کو ترکی کے مزیدار پکوان کھلاؤں گا۔‘
جلال آل نے فیروز خان سے ترکش کھانوں کے بارے میں پوچھتے ہوئےسوال کیا کہ ’مثال کے طور پر، کیا آپ نے کبھی یوسفیلی Çağ Döner کھایا ہے؟ یا اڈانا کباب؟
جلال آل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فیروز خان نے بھی ترکش زبان میں لکھا کہ ’بھائی میں نے آپ کے کمنٹ کا ترجمہ کرنے کی کوشش کی لیکن میں خاصا سمجھ نہیں سکا، مجھے یقین ہے کہ آپ نے محبت بھرے الفاظ ہی کہیں ہوں گے جس کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔‘