بھارتی کامیڈین کو سشانت کی موت سے متعلق مذاق مہنگا پڑگیا

کامیڈین نے سشانت کی موت اور اس کے بعد ٹوئٹر پر چلنے والی مہم پر بھی طنز کسے— فوٹو:فائل 

بھارت کے اسٹینڈ اپ کامیڈین ڈینیئل فرنینڈس کو بالی وڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کا مذاق اڑانا مہنگا پڑگیا۔

بھارتی کامیڈین نے اپنے یوٹیوب چینل پرویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وہ اداکار سشانت سنگھ کی موت اور اس کے بعد کے حالات پر مذاق اڑا رہے ہیں۔

کامیڈین کا کہنا ہے کہ جس وقت ملک میں کورونا اور معیشت پر بات ہونی چاہیے تھی، اس وقت سشانت اور دپیکا پڈوکون سے متعلق بات ہورہی تھی۔ 

کامیڈین نے اس دوران سشانت کی موت اور اس کے بعد ٹوئٹر پر چلنے والی مہم پر بھی طنز کسے جبکہ اداکارہ ریا چکرابورتی کی بھی حمایت کی۔

اس پر سشانت سنگھ راجپوت کے مداحوں میں شدید غصہ پھیل گیا اور کامیڈین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ 


مداحوں کے غم و غصے کے بعد کامیڈین نے معافی مانگی ہے اور کہا ہے کہ ان کا مقصد کسی صورت دل آزاری نہیں تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے اور انہوں نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی۔

مزید خبریں :