صرف 8 سیکنڈز میں موٹرسائیکل چوری کی واردات

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک دکان پر دودھ لیتے ہوئے نوجوان کی موٹر سائیکل اس کے سامنے دو ملزمان لے کر فرار ہوگئے، واردات میں صرف 8 سیکنڈز لگے۔

گلستان جوہر تھانے میں گلستان جوہر بلاک 13 کے فراز ایونیو کے رہائشی نوجوان عبدالرحمن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ آج صبح وہ گلستان جوہر میں جوہر چورنگی پر واقع گجر ڈیری پر دودھ لینے کے لیے رکا۔ وہ کاؤنٹر پر پیسے دے کر دودھ لے رہا تھا کہ اس دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان وہاں آئے جن میں سے ایک ملزم نے اس کاہیلمٹ اٹھا کر پھینکا اور گاڑی اسٹارٹ کر کے فرار ہوگیا۔

عبدالرحمن کے مطابق اس نے ملزم کا تعاقب کیا مگر وہ ہاتھ نہیں آیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عبدالرحمن ہاتھ میں دودھ کی تھیلی لیے موٹر سائیکل لے جانے والے نوجوان کے پیچھے بھاگتا ہے۔

گلستان جوہر پولیس کے مطابق واردات میں سات سے آٹھ سیکنڈز لگے۔ ملزم کو موٹر سائیکل کی سوچ میں چابی موجود ہونے کی وجہ سے سے بہت آسانی ہوئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید خبریں :