دنیا
Time 15 جنوری ، 2021

مالی ادائیگی کا تنازع، گوگل نے سرچ نتائج میں آسٹریلیا کی مقامی خبروں کو غائب کردیا

ان تجربات کا مقصد گوگل سرچ اور نیوز بزنس کا ایک دوسرے پر اثرات کا جائزہ لینا ہے: گوگل کی وضاحت— فوٹو:فائل 

آسٹریلوی حکومت اور سرچ انجن گوگل کے درمیان مالی ادائیگی کے معاملے پر گوگل نے اپنے سرچ نتائج میں آسٹریلیا کی مقامی خبروں کو غائب کردیا۔

آسٹریلوی حکومت گوگل اور فیس بک پر ایک نیا ضابطہ عائد کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو انہیں مقامی خبروں کی شیئرنگ کیلئے مناسب قیمت پر بات چیت کرنے پر مجبور کرے گی۔

اس معاملے کے بعد گوگل نے اپنے سرچ نتائج میں آسٹریلیا کی مقامی خبروں کو غائب کردیا۔

خبریں سامنے آنے پر گوگل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ان کے کچھ تجربات کرنے کی وجہ سے ہوا جس سے اس کے سرچ نتائج سے کچھ میڈیا سائٹس ہٹ جاتی ہیں۔

گوگل ترجمان نے بیان دیا ہے کہ کمپنی کچھ ایسے تجربات کررہی ہے جس سے آسٹریلیا میں ایک فیصد صارف اثرانداز ہوں گے اور ان تجربات کا مقصد گوگل سرچ اور نیوز بزنس کا ایک دوسرے پر اثرات کا جائزہ لینا ہے۔

کمپنی کے مطابق تجربات فروری کے شروع تک ختم ہوجائیں گے۔

دوسری جانب میڈیا آؤٹ لیٹس نے گوگل کے اس اقدام کو غیرمعمولی طاقت کا مظاہرہ قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :