Time 17 جنوری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

ہندوانتہا پسندوں کی دھمکیاں، سیف اور کرینہ کے گھر کے باہر پولیس تعینات

بھارتی اداکار سیف علی خان کی ویب سیریز ’تانڈوو‘ کے باعث بھارت میں ہنگامہ برپا ہے— فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ اداکار سیف علی خان اور اداکارہ کرینہ کپور کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار سیف علی خان کی ویب سیریز ’تانڈوو‘ کے باعث بھارت میں ہنگامہ برپا ہے اور ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندو انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے ویب سیریز پر فوری طور پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے جبکہ بھارت بھر میں احتجاج کا سلسلہ کا بھی شروع ہوگیا ہے۔

ویب سیریز اور اداکاروں کے خلاف ممبئی کے مقامی تھانے میں مذہبی جذبات مجروح کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

دوسری جانب دھمکیوں اور احتجاج کے پیش نظر ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع سیف علی خان اور کرینہ کپور کے گھر کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اداکار سیف علی خان گھر پر موجود نہیں تاہم حاملہ اداکارہ کرینہ کپور گھر پر ہی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ ویب سیریز ’تانڈوو‘ کے ہدایتکار علی عباس ظفر ہیں جس میں سیف علی خان، ڈمپل کپاڈیا، ذیشان ایوب، سنیل گروور سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ یہ سیریز آن لائن ریلیز کی جاچکی ہے۔

مزید خبریں :