18 جنوری ، 2021
جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے 20 رکنی اسکواڈ میں منتخب ہونے والے نوجوان کرکٹر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ 20 کروڑ عوام میں سے 20 کھلاڑیوں میں منتخب ہونا ہی ان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔
قومی ٹیم میں انتخاب کے بعد میڈیا سے آن لائن گفتگو میں 27 سالہ سلمان علی آغا نے کہا کہ جب ساتھی کرکٹر عدنان اکمل نے بتایا کہ ٹیم میں نام آگیا تو لگا کہ مذاق کر رہے ہیں، جب ٹی وی لگا کر دیکھا تو شروع میں تو یقین ہی نہیں آیا۔
سلمان عل آغا کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک میں پرفارمنس کا صلہ ملنے سے ہر کرکٹر کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ انہیں اب کارکردگی کا انعام ضرور ملے گا۔
ایک سوال کے جواب میں سلمان علی آغا نے کہا کہ اچھی فارم میں ہوں، اگر موقع ملا تو کوشش کروں گا کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی اس فارم کے سلسلے کو جاری رکھوں۔
قائد اعظم ٹرافی میں نمایاں پرفارمنس دینے والے بیٹسمین کا کہنا تھا کہ مجھ پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے، پریشر سے زیادہ پرجوش ہوں کہ قومی ٹیم میں ان کا نام آگیا ہے۔
سلمان علی آغا نے حال ہی میں قائداعظم ٹرافی میں دو سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 941 رنزبنائے اور ٹاپ تھری بلے بازوں میں جگہ بنائی۔
سلمان آغا کا کہنا تھا کہ وہ محمد یوسف سے بہت متاثر ہیں اور جب بھی موقع ملتا ہے وہ محمد یوسف سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، خواہش ہے کہ پاکستان کرکٹ میں وہی کردار ادا کریں جو محمد یوسف ادا کیا کرتے تھے۔
پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ پر بھی توجہ دیتے ہیں اور ان کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ بطور بیٹنگ آل راؤنڈر ہی اپنا کردار ادا کریں۔