18 جنوری ، 2021
پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق آسٹریلین اوپن کے لیے ملبرن پہنچنے کے بعد اپنے ہوٹل کے کمرے میں آئیسولیشن مکمل کر رہے ہیں تاہم چار دیواری کی قید بھی اعصام کے جذبے کو کم نہ کر سکی اور انہوں نے کمرے میں ہی ٹریننگ شروع کر دی۔
آسٹریلین اوپن کا آغاز 8 فروری سے ہو گا جس کے لےی اعصام الحق تین روز قبل آسٹریلیا پہنچے، قوانین کے مطابق آسٹریلیا پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کو 14 روز مکمل آئیسولیشن میں گزارنے ہیں۔
ایک جانب جہاں آسٹریلین اوپن میں چند مثبت ٹیسٹ رپورٹ ہوئے ہیں تو دوسری جانب کھلاڑی کمروں میں رہ کر بھی اپنی ٹریننگ کر رہے ہیں۔
اعصام الحق بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے قدغن کے باوجود ٹریننگ کے سلسلے کو نہیں تھمنے دیا اور کمرے میں ہی خود کو فٹ رکھنے کے لیے مختلف ڈرلز شروع کر دیں، جم کا سامان میسر نہ ہوا تو اعصام نے روم میں دستیاب سامان جیسے پانی کی بوتلین اور مختلف ڈبوں پر ہی اکتفا کیا۔