18 جنوری ، 2021
عمرکوٹ میں سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 52 پر ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کےامیرعلی شاہ نے کامیابی حاصل کرلی۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے) کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور پیپلزپارٹی کے امیدوار امیرعلی شاہ کے درمیان مقابلہ تھا۔
دو پولنگ اسٹیشنوں پر امیدواروں کے حامیوں میں تصادم ہوا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔
تمام 128 پولنگ اسٹیشنز کےغیرسرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ 55904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ جی ڈی اےکےارباب غلام رحیم 30921 ووٹ لےکردوسرےنمبرپر رہے۔
پیپلزپارٹی کے امیدوار سید امیر علی شاہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اللہ کا شکرگزار ہوں جس کا مجھ پر کرم رہا، آج سب کو پتا چل گیا عوام کس کے ساتھ ہیں، مرحوم والد نے عمرکوٹ کے عوام کی 41 سال خدمت کی، میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑوں گا۔
پیپلزپارٹی کےامیدوار امیر شاہ کی رہائش گاہ پرکارکنوں کی آمداورجشن شروع ہوگیا ہے، کارکن آتش بازی،نعرےاور ڈھول کی تھاپ پر رقص کررہے ہیں۔