18 جنوری ، 2021
لاہور کی عدالت نے گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس میں ملزم علی گل کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
لاہور کی ضلع کچہری میں گلوکار علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے کیس کی سماعت ہوئی جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ ذوالفقار باری نے سماعت کی۔
مقدمے میں ملوث ملزمان اداکارہ عفت عمر، لیناغنی، فریحہ ایوب، حسیم الزمان اور سید فیضان سمیت 5 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ چالان کے مطابق ملزمان عفت عمر،لینا غنی، فریحہ ایوب، علی گل، حسیم الزمان اور سید فیضان رضا ضمانت پر ہیں۔
عدالت نے ملزم علی گل کے پیش نہ ہونے پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے میشاشفیع کی حدتک چالان پیش نہ کرنے پرایف آئی اے حکام پر اظہاربرہمی کرتے ہوئے سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی۔
چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر علی ظفر کے خلاف ہتک آمیز پوسٹس لگائیں۔