19 جنوری ، 2021
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کی از سر نو تشکیل کرتے ہوئے ہارون ملک کو نیا چیئرمین مقرر کردیا ہے، پچھلی کمیٹی سے منیر سدھانہ کو نئی کمیٹی میں برقرار رکھا گیا ہے۔
پاکستان فٹبال میں مسلسل بگڑتے معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے فیفا نے جون 2019 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن میں نارملائزیشن کمیٹی قائم کی تھی اور ستمبر 2019 میں حمزہ خان کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔
تاہم حمزہ کی سربراہی میں کمیٹی دو مرتبہ مدت میں توسیع کے باوجود بھی اپنا مینڈیٹ نہیں حاصل کرسکی، گزشتہ برس دسمبر میں حمزہ خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔
حمزہ کے مستعفی ہونے کے بعد منیر سدھانہ کو قائم مقام چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ فیفا نے آج ایک نوٹیفیکشن کے ذریعے نئی کمیٹی کا اعلان کردیا جس میں گزشتہ کمیٹی سے صرف منیر سدھانہ کو برقرار رکھا گیا ہے۔
سکندر خٹک، عاصمہ بلال اور کرنل مجاہد کی جگہ کمیٹی میں شاہد نیاز کھوکھر، سعود اعظم اور حارث عظمت کو شامل کیا گیا ہے۔ شاہد نیاز کھوکھر فیصل صالح حیات کے دور میں پی ایف ایف کے میڈیا ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ سعود اعظم اور حارث عظمت وکالت کے پیشے سے تعلق رکھتے ہیں۔
کمیٹی کا چیئرمین ہارون ملک کو مقرر کیا گیا ہے، ان کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئیں ہیں کہ وہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی ہیں۔ فیفا کے مطابق نارملائزیشن کمیٹی کے نئے اراکین 20 جنوری کو عہدہ سنبھالیں گے جبکہ ان کے عہدے کی معیاد 30 جون تک ہے۔