20 جنوری ، 2021
فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی معروف جوڑی صدف کنول اور شہروز سبزواری شادی کے کئی ماہ گزرجانے کے باوجود آج بھی تنقید کی زد میں ہیں۔
گزشتہ روز اداکار شہروز سبزواری نے انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ صدف کنول اور اپنے پالتو کتے کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی۔
شیئر کی گئی تصویر پر جہاں اداکار جوڑی کے مداحوں کی جانب سے تعریف کی گئی وہیں شہروز سبزواری اور صدف کنول کی جوڑی پر ناقدین نے خوب تنقید بھی کی۔
شہروز اور صدف کی تصویر پر ایک مداح کا کہنا تھا کہ شہروز آپ کے ساتھ صدف ذرا بھی اچھی نہیں لگی، آپ خود اتنے خوبصورت ہیں اور صدف اف میری توبہ!
مداحوں کی جانب سے کیے گئے تبصروں میں شہروز سبزواری کی سابق اہلیہ سائرہ یوسف کا تذکرہ بھی جاری رہا۔
ایک صارف نے کہا کہ شہروز آپ سائرہ کے ساتھ اچھے لگتے تھے، اسے چھوڑ کر اچھا نہیں کیا اور صدف اف زہر لگتی ہے۔
ایک مداح کی جانب سے شہروز اور صدف کی جوڑی کو سال کی بدتری جوڑی بھی قرار دیا گیا۔
تاہم شہروز سبزواری کی جانب سے شیئر کی گئی اس تصویر پر تا حال ہزاروں لائیکس اور کمنٹس موجود ہیں۔
دوسری جانب کچھ انسٹا گرام صارفین کی جانب سے شہروز سبزواری کو مشورہ دیا گیاکہ وہ نفرت انگیز تبصروں پر کان نہ دھریں اور اپنی زندگی اپنے مطابق گزاریں۔
واضح رہے کہ معروف پاکستانی اداکار شہروز سبزواری نے گزشتہ برس کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ و ماڈل صدف کنول سے دوسری شادی کرلی تھی۔
شہروز سبزواری نے پہلی شادی اداکار سائرہ یوسف سے کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
گزشتہ برس 29 فروری کو شہروز نے سوشل میڈٖیا پوسٹ کے ذریعے سائرہ یوسف سےعلیحدگی کی تصدیق کی تھی۔