21 جنوری ، 2021
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بولنگ کوچ محمد زاہد انگلینڈ میں پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث سفری پابندیوں کی وجہ سے محمد زاہد ڈیوٹی جوائن نہ کر سکے، محمد زاہد یو کے نیشنل ہیں اور گزشتہ ماہ چھٹیاں گزارنے فیملی کے پاس برمنگھم گئے تھے لیکن یوکے نیشنلز کی پاکستان سفری پابندیوں کی وجہ سے ان کی واپسی مشکل میں پڑ گئی ہے۔
بولنگ کوچ کی غیر موجودگی میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان بولرز بغیر کوچ کے ٹریننگ کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد زاہد نے 17 جنوری کو لاہور پہنچنا تھا لیکن یو کے نیشنل کی سفری پابندیوں کی وجہ سے نہ آ سکے، محمد زاہد کو سفر کی اجازت دلوانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی خصوصی اجازت کے ساتھ پاکستان آ چکے ہیں۔