Time 21 جنوری ، 2021
پاکستان

اپنے منیجرکی انگریزی کا مذاق اڑانے پر ریسٹورنٹ کی خواتین مالکان تنقیدکی زد میں

اسلام آباد کے ریسٹورنٹ مالکان کی جانب سے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد خواتین مالکان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خواتین اپنا اور پھر اپنے منیجر کا تعارف کرواتی ہیں اور پھر ان میں سے ایک منیجر سے سوالات پوچھتی ہے اور پھر انگریزی میں بات کرنے کا کہتی ہے اور پھر منیجر کی ٹوٹی پھوٹی انگریزی پر خاتون کہتی ہیں کہ یہ ہمارے منیجر ہیں جو ہمارے پاس 9 سال سے ہیں، اور یہ وہ بہترین انگریزی ہے جو یہ بولتے ہیں۔

 اس ویڈیو پر کسی صارف نے مالکان کے رویے کو تکبر کہا ہے توکسی نے پاکستانی اشرافیہ کی امارت پرستی، حاکمانہ سوچ اور بری تربیت کی عکاسی قرار دیا ہے۔

ایک نے تو خواتین مالکان کو 'سستے انگریز' کا لقب بھی دے دیا اور منیجر کو ہیرو قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر تبصرے کیے جارہے ہیں کہ جب انگریزی ہماری مادری زبان نہیں ہے تو اسے روانی سے نہ بولنے میں شرمندگی کیوں ہو؟ شہریوں نے مالکان سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب سابق گورنر پنجاب کے صاحب زادے شہباز تاثیر نے ریسٹورنٹ منیجر کو نوکری کی پیشکش کردی ہے۔ 

مزید خبریں :