22 جنوری ، 2021
بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کے خطرناک بیماری کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
میگا اسٹار امیتابھ بچن 78 برس کے ہوچکے ہیں اور اب بھی ماضی کی طرح ہی مقبول ہیں۔
امیتابھ بچن حال ہی میں کورونا کا شکار ہوئے تھے اور صحت یاب ہونے کے بعد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہیں۔
میگا اسٹار کی بیماری کے حوالے سے ان کے دوست و اداکار رنجیت نے اہم انکشاف کیا ہے۔ بھارتی کامیڈی شو’ دی کپل شرما شو‘ کا ایک پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں بالی وڈ ولن رنجیت، بنڈو اور گلشن گروور نظر آرہے ہیں۔
کپل شرما گلشن گروور سے سیٹ پر وقت پر آنے والے اداکاروں کا پوچھتے ہیں جس پر وہ کہتے ہیں کہ اکشے اور سنیل سیٹھی وقت پر پہنچ جاتے ہیں۔
اس پر شو کی میزبان ارچنا لقمہ دیتی ہیں کہ امیتابھ بچن بھی وقت پر پہنچتے ہیں تو اس پر ولن رنجیت کہتے ہیں کہ ’امیت جی کو انسومنیا‘ یعنی بے خوابی کی بیماری ہے، گھر پر سو نہیں سکتے تو جاکر میک اپ روم میں سوتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں انتظار کرنا پڑتا ہے‘۔
خیال رہے کہ انسومنیا یعنی بے خوابی کا اکثر بزرگ افراد شکار ہوتے ہیں۔