25 جنوری ، 2021
فنکاروں کو مختلف کردار کی مناسبت سے اپنا روپ اور انداز تبدیل کرنا ہوتا ہے اور یہی ان کا ٹیلنٹ ہے لیکن اکثر فنکاروں کو اپنے کام سے اتنی محبت اور لگن ہوتی ہے کہ وہ اس کی خاطر سب کچھ کرنے کو تیارہو جاتے ہیں۔
آج ہم آپ کو بالی وڈ انڈسٹری کی ایسی اداکاراؤں کے بارے میں بتانے والے ہیں جنہوں نے اپنے کام کی خاطر بالوں کی قربانی دی ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کا شمار بالی وڈ کی بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے اور انہوں نے اپنی فلم 'پی کے' میں جگت کے کردار کے لیے اپنے بالوں کی قربانی دی تھی۔
بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھانے والی پریانکا چوپڑا کو بھی اپنے کام سے بے حد لگاؤ ہے اور انہوں نے اپنی فلم 'پیار امپاسبل' کے کردار کی مناسبت سے اپنے خوبصورت بال بالکل چھوٹے کروالیے تھے۔
بالی وڈ میں اقرباپروری پر آواز اٹھانے والی اداکارہ کنگنا رناوت بھی بے حد محنت اور لگن کے ساتھ اپنا کام کرتی ہیں اور انہوں نے اپنی فلم 'تنو ویڈز منو رٹرنز' میں اپنے بال بالکل چھوٹے کروا لیے تھے۔