Time 25 جنوری ، 2021
کھیل

عالیہ ریاض جنوبی افریقا کیخلاف ون ڈے سیریز کا جیت سے اختتام کرنے کیلیے پرامید

فوٹو: فائل

پاکستان اور جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا آخری ایک روزہ انٹرنیشنل میچ 26 جنوری بروز منگل کو کنگز میڈ کرکٹ اسٹیڈیم ڈربن میں کھیلا جائے گا۔

ہفتے کے روز کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے دی تھی، 253 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنا سکی تھی، میزبان ٹیم کو سیریز میں 2 صفر کی برتری حاصل ہے۔

قومی ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی تاہم وہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہیں۔

انہوں نے ندا ڈار کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 111 رنز کی شراکت قائم کی تھی، یہ پاکستان ویمن کرکٹ کی اس وکٹ کے لیے سب سے بہترین پارٹنر شپ ہے۔

عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف یہ سیریز بہت چیلنجنگ ہو گی کیونکہ ان کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ان کنڈیشنز پر کھیلنے کی ماہر بھی ہیں، برصغیر سے آنے والی کسی بھی ٹیم کے لیے یہ کنڈیشنز ٹف ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا گوکہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے ابتدائی دونوں میچز میزبان ٹیم نے جیتے تاہم ہم تیسرے ایک روزہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے سیریز کا اچھا اختتام کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :