27 جنوری ، 2021
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے ٹیسٹ کیریئر میں ایک اور سنچری داغ دی، یہ ان کے گیارہ سال بعد ٹیم میں کم بیک کے بعد سے دوسری جبکہ کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری ہے۔
35 سالہ فواد عالم نے کیشوو مہاراج کی گیند پر مڈ آن کی جانب چھکا مار کر اپنا اسکور تین ہندسوں میں کیا اور کیریئر کی چودہویں اننگز میں تیسری ٹیسٹ سنچری اسکور کردی۔
یوں فواد عالم کم سے کم اننگز میں تیسری سنچری اسکور کرنے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل اظہر محمود نے 10 اننگز مین تین سنچریاں بنائی تھیں۔
یہ فواد عالم کی پاکستانی سرزمین پر پہلی اننگز اور پہلی ہی ٹیسٹ سنچری تھی گو کہ اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کے میدان پر وہ 10 فرسٹ کلاس سنچریاں بناچکے تھے۔
یوں یہ اس اسٹیڈیم پر ان کی گیارہویں اور کیریئر کی 38ویں سنچری ہے۔ یہاں دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ فواد عالم کے کیریئر میں ایک بھی ففٹی نہیں، وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنی تینوں ابتدائی ففٹیز کو سنچریوں میں تبدیل کیا۔
واضح رہے کہ فواد عالم نے 2009 میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا لیکن انہیں ڈیبیو پر سنچری کے باوجود بھی تین ٹیسٹ بعد ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا اور وہ گیارہ سال ٹیم سے باہر رہے لیکن اس دوران وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی کارکردگی کا لوہا منواتے رہے اور ہمت بنائے رکھی اور ثابت کیا کہ ہمت برقرار اور حوصلے بلند ہوں تو منزل ضرور ملتی ہے۔
فواد عالم اننگز میں 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ وہ فرسٹ کلاس کیریئر میں 13 ہزار رنز مکمل کرنے سے 38 رنز کی دوری پر ہیں تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے مجموعی رنز 509 ہیں۔