پاکستان
Time 30 جنوری ، 2021

سیالکوٹ این اے 75کے ضمنی انتخابات؛ ن لیگی امیدوار کے بھائی منشیات کیس میں گرفتار

ڈی ایس پی ذوالفقار ورک کے مطابق عطاءالحسن سے 105گرام منشیات برآمد کی گئی,فوٹو: فائل 

سیالکوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 کے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والی مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار سیدہ نوشین زہرا کے چھوٹے بھائی کو پولیس نے منشیات کے کیس میں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق سابق ایم این اے مرحوم افتخارالحسن کے بیٹے اور این اے 75 کی نامزد امیدوار سیدہ نوشین زہرہ کے بھائی عطاء الحسن کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔

 ڈی ایس پی ذوالفقار ورک کے مطابق عطاءالحسن سے 105گرام منشیات برآمد کی گئی، ملزم کے خلاف تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب لیگی امیدوار سیدہ نوشین زہرہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان پولیس کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، جتنے پرچے کاٹنے ہیں شوق سے کاٹ لیں،مخالفین سے بیلٹ کے ذریعے بدلہ لیں گے۔