30 جنوری ، 2021
بالی وڈ اداکارہ زرین خان نے کترینہ کیف کا ’ڈپلیکیٹ‘ ہونے پر کام نہ ملنے کا شکوہ کردیا۔
زرین خان نے 2010 میں فلم ’ویر‘ سے کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور وہ سلمان خان کے مدمقابل ہیروئن آئی تھیں تاہم اس کے بعد وہ کوئی بڑی فلم سائن نہ کرسکیں۔
زرین خان کو فلم نگری میں کترینہ کیف کا ہم شکل بھی کہا جاتا ہے اور اب یہی شناخت ان کیلئے مسئلہ بن چکی ہے جس کا اعتراف اداکارہ نے خود کیا۔
حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ بالی وڈ میں انٹر ی سے پہلے ہر کوئی کہتا تھا کہ میں اپنی والدہ کی طرح دکھتی ہوں لیکن انڈسٹری میں آنے کے بعد مجھے پتا چلا کہ میں کترینہ جیسی بھی دکھتی ہوں، فلم بینوں کو میرے حوالے سے رائے بنانے کا کوئی موقع ہی نہیں دیا گیا کیونکہ پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی ان کے ذہن میں کترینہ کا اینگل بٹھا دیا گیاتھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ لوگ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے آتے ہیں نہ کہ کسی اور کی طرح بننے کیلئے، مجھے اپنی پہچان بنانے میں 11 سال لگ گئے اور اس جدوجہد کے بعد اب بھی مجھے لوگ کترینہ کی شکل والا ہی سمجھتے ہیں، اگر میں فلم نگری میں نہ ہوتی تو کترینہ سے ملانے پرخوش ہوتی کیونکہ وہ واقعی خوبصورت ہے۔
ان کا کہناتھا کہ اداکارہ سنیہا کو ایشوریا کی کاپی کہہ کر کیرئیر ختم کرادیا، کوئی بھی بالی وڈ میں کسی کا ڈپلیکیٹ بن کر نہیں رہنا چاہتا اور فلمساز بھی کسی ڈپلیکیٹ کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتے ہیں۔