Time 31 جنوری ، 2021
کھیل

خیبرپختونخوا نے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے 240 رنز کا مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں حاصل کرلی— فوٹو: پی سی بی

خیبر پختونخوا نے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جیت کر سیزن میں تینوں فارمیٹس کے ڈومیسٹک ٹائٹلز اپنے نام کرلیے۔

اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اور فرسٹ الیون کا تیسرا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کے پی کی ٹیم اس سے قبل قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بھی جیت چکی ہے جبکہ قائد اعظم ٹرافی میں بھی وہ سینٹرل پنجاب کے ساتھ مشترکہ چیمپئن قرار پائی۔

پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے 240 رنز کا مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 102 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عامر عظمت اور افتخار احمد بالترتیب 45 اور 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس سے قبل کے پی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سینٹرل پنجاب 47 اوورز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر طیب طاہر 67 جبکہ قاسم اکرم 50 اور رضا علی ڈار 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

خیبر پختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی نے 39 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ بولر عمران نے 3 اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر آصف آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر بھی قرار پائے۔

ناردرن کے آل راؤنڈر حماد اعظم کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قراردیا گیا۔

سینٹرل پنجاب کے طیب طاہر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین  اور سندھ کے وکٹ کیپر اعظم خان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔

مزید خبریں :