03 فروری ، 2021
شہرہ آفاق پاپ اسٹار ریحانہ نے حال ہی میں بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں سے متعلق اپنے ردِ عمل کا کا اظہارکیا ہے۔
پاپ اسٹار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک خبر شیئر کی جس میں بتایا گیا تھا کہ کسانوں کے زیر اہتمام 26 جنوری کو نئی دہلی میں 'ٹریکٹر ریلی' احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران مظاہرین نے نئی دہلی میں داخلے کے لیے رکاوٹیں توڑ دی تھیں جس کے بعد پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ بھی ہوئی تھی اور پھر ہریانہ کے متعدد اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی۔
گلوکارہ نے اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'کوئی اس بارے میں بات کیوں نہیں کر رہا؟'
پاپ گلوکارہ ریحانہ نے اس ٹوئٹ میں 'فارمرز پروٹیسٹ' یعنی کسانوں کا احتجاج ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا۔
ریحانہ کے اس ٹوئٹ کے بعد جہاں متعدد بھارتیوں کی جانب سے ان کی حمایت کی گئی تو وہیں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے انہیں بے وقوف قرار دے دیا۔
کنگنا نے ریحانہ کے ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'اس بارے میں کوئی اس لیے بات نہیں کر رہا کیوں کہ یہ کسان نہیں دہشت گرد ہیں جو بھارت کو توڑنا چاہتے ہیں تا کہ چین اس ٹوٹی ہوئی قوم پر قبضہ کر لے اور اسے امریکا کی طرح ایک چینی کالونی بنا لے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ تم بیٹھ جاؤ بے وقوف، ہم اپنی قوم کو تم جیسی کٹھ پتلیوں کی طرح نہیں بیچ سکتے۔