Time 04 فروری ، 2021
پاکستان

الیکشن کمیشن کا پنجاب اور پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے بارے میں سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مرحلہ وار انتخابات ہوں گے، پہلے مرحلے میں 8 اپریل کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، دوسرے مرحلے میں 29 مئی کو انتخابات ہوں گے۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب کے مطابق پہلے مرحلے کا اعلان 12 فروری اور دوسرے مرحلے کا اعلان 25 مارچ کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب کے مطابق پنجاب میں تین مراحل میں انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے الیکشن کمیشن کے جواب کے مطابق پنجاب میں پہلے مرحلے میں 20 جون کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے، دوسرے مرحلے میں 16 جولائی اور تیسرے مرحلے میں 8 اگست کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان بھی مرحلہ وار کیا جائے گا، پہلے مرحلے کا اعلان 12 اپریل، دوسرے مرحلے کا 18 مئی اور تیسرے مرحلے کا اعلان 2 جون کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات 8 اپریل اور 29 مئی کو ہوں گے، کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کے پہلے مرحلے کا اعلان 12 فروری کو ہو گا جبکہ دوسرے مرحلے کا اعلان 25 مارچ کو ہو گا۔

جواب میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں الیکشن کمیشن کے دو اجلاس ہوئے جس میں چاروں صوبوں، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات کے معاملات زیر غور آئے۔

الیکشن کمیشن نے دونوں اجلاسوں کے منٹس بھی عدالت میں جمع کروا دیے ہیں جس کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ 11 فروری تک ملتوی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :