پاکستان
Time 09 فروری ، 2021

وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی اصولی منظوری دیدی

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی، معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

کورونا وبا اور ویکسینیشن سے متعلق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا ویکسین بلا تفریق لگائی جائے گی۔ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کرانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نےسرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی اصولی منظوری دےدی ہے۔

ذرائع کے مطابق گریڈ ایک تا 16 کے 3 لاکھ 70 ہزار ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ہو گا،  صوبائی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملات صوبوں کو خود دیکھناہوں گے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں تنخواہوں کے معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے بریفنگ دی،  کابینہ اجلاس میں مختلف اداروں کے سی ای اوز  اور  سربراہان کی خالی پوسٹس کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مختلف وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں میں سی ای او اور سربراہان کی 80 پوسٹیں خالی ہیں، وزیراعٖظم نے سرکاری محکموں کے سربراہان کی پوسٹیں خالی ہونے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ سیکریٹری کی سرزنش کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سربراہاں کی پوسٹیں کیوں خالی ہیں، ذمہ دار کا تعین کریں ؟ عہدے خالی ہونے سے بھی چھ ماہ میں پہلے تقرریوں کی پلاننگ کر لی جاتی ہیں۔

اسلام آباد میں میٹرو بس سروس منصوبے کے بارے میں بریفنگ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردی گئی۔

مزید خبریں :