کاروبار
Time 10 فروری ، 2021

اوگرا نے سوئی ناردرن کے صارفین کیلئے گیس کی قیمت بڑھانے کی منظوری دے دی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن کے صارفین کیلئے گیس کی فی یونٹ قیمت 13روپے 42 پیسے بڑھانے کی منظوری دے دی۔

اوگرا نے گیس قیمت میں اضافےکیلئےسوئی نادرن کی درخواست پرفیصلہ جاری کردیا جس کے مطابق سوئی ناردرن کے صارفین کیلئے گیس کی اوسط قیمت 13 روپے 42 پیسے فی یونٹ بڑھانےکی منظوری دی گئی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گیس کی قیمت میں اضافےکی منظوری رواں مالی سال کی ریونیوضروریات کی درخواست پردی گئی۔

اوگرا کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں 773روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا تھا لیکن گیس کی فی یونٹ اوسط قیمت 644 روپے84 پیسے مقررکرنے کی منظوری دی گئی۔

اوگرا کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت میں 13روپے 42پیسے اضافے کی منظوری یکم جولائی 2020سے دی گئی ہے جبکہ گیس میٹر کا کرایہ بھی 20روپے سے بڑھا کر 40روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔

گیس کی قیمت میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت سے منظوری کی صورت میں ہو گا۔