11 فروری ، 2021
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ معاہدے کے تحت ان کے مطالبات پارلیمنٹ میں رکھیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تحریک لبیک پاکستان سے ہماری بات ہوئی ہے، تحریک لبیک نے فروری کی ڈیڈ لائن ختم کر کے 20 اپریل کر دی ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں رکھیں گے۔
خیال رہے کہ تحریک لبیک پاکستان نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے معاملے پر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری، توہینِ رسالت ﷺ بل کی منظوری اور فرانسیسی اشیاء پر پابندی کے مطالبات کر رکھے ہیں۔
ٹی ایل پی کے سربراہ مولانا سعد رضوی نے مطالبات کی منظوری کے لیے 16 فروری کی ڈیڈ لائن دے رکھی تھی جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرنا چاہتی تھی۔
لاہور میں پولیس نے ٹی ایل پی کے سربراہ مولانا سعد رضوی کی گرفتاری التواء میں ڈال دی ہے، انہیں حراست میں لینے کے لیے پولیس کی بھاری نفری اقبال ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ کے باہر جمع ہوئی تھی لیکن کچھ دیر بعد پولیس کی نفری واپس لوٹ گئی۔
حکومت پنجاب کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مولانا سعد رضوی کا نام فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے۔