Geo News
Geo News

Time 13 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

’اپنی ہی کمائی کیلیے بھیک مانگنا پسند نہیں’، نوین معاوضہ نہ ملنے پر پھٹ پڑیں

فوٹو: فائل

پاکستانی ڈرامے 'ہمسفر' سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نوین وقار نے حال ہی میں انڈسٹری میں معاوضہ وقت پر نہ ملنے کے حوالے سے بات کی۔

اداکارہ نوین وقار گزشتہ دنوں ایک ویب شو میں جلوہ گر ہوئی تھیں جس دوران انہوں نے بتایا کہ جب سے میں اس انڈسٹری میں کام کر رہی ہوں پہلے معاوضے سے متعلق مسائل اتنے نہیں تھے لیکن گزشتہ 4 سالوں سے یہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔

نوین وقار نے بتایا کہ 2 سال پہلے مجھے کہا گیا کہ تمام اداکاراؤں کے معاوضے میں سے 35 فیصد پے کٹ یعنی کٹوتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو اس کا اندازہ بھی نہیں ہے کہ ہم کن حالات میں کام کرتے ہیں اور اس پر بھی ہم اتنی محنت کرتے ہیں،  آپ ہمیں ہمارے محنت کے پیسے ہی وقت پر دے دیں۔

نوین کا کہنا تھا کہ میں خود ایسی پوزیشن پر ہوں جہاں مجھے لوگوں سے اپنے ہی پیسے مانگنے کے لیے ان کے پیچھے پڑنا پڑتا ہے، ابھی حال ہی میں مجھے ایک کال آئی کہ آپ اپنے پیسے لے جائیں جو مجھے ڈیڑھ سال پہلے ملنے تھے، میں تو اس کے بارے میں بھول چکی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ جب آپ کام کررہے ہوتے ہیں اور آپ محنت کرتے ہیں تو وہ آپ کی محنت کی کمائی ہوتی ہے اور آپ اپنی محنت کی کمائی کے لیے بھیگ مانگنا پسند نہیں کریں گے۔