Advertisement

کھیل
time icon 14 فروری ، 2021

چیف ایگزیکٹو پی سی بی قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے معترف

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں سہولیات کی تعریف کئے بنا نہ رہ سکے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ کیا سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کے آڈیٹوریم میں کوچز اور کھلاڑیوں کو لیکچر بھی دیا۔

وسیم خان نے کہا کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں فرسٹ کلاس سہولیات ہیں، نوجوان کرکٹرز کو ایسی ہی ہائی کلاس سہولیات ملنی چاہئیں، تعلیم کو ساتھ منسلک کرنا بھی قابل ستائش ہے۔

فوٹو: جیو نیوز

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کرکٹ کے لیے بہت اچھا کام کر رہی ہے، مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے، جو سپورٹ کر سکتے کریں گے، پی سی بی کا اپنا بھی ہائی پرفارمنس سینٹر ہے لیکن ہمارا آپس میں مقابلہ نہیں، ہم قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر سے سیکھیں گے کہ وہ کیسے اپنے پروگرام چلا رہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہم قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی پریکٹسز ضرور شیئر کریں گے۔

اس موقع پر پی ایس ایل کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ کووڈ 19 کی وجہ سے پی ایس ایل کی تیاریوں میں مسائل رہے ہیں لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ این سی او سی نے 20 فیصد کراؤڈ کی اجازت دی ہے۔

فوٹو: جیو نیوز

وسیم خان نے کہا کہ اس مرتبہ بھی پی ایس ایل سے جو کھلاڑی سامنے آئیں گے وہ ملک کی نمائندگی کریں گے، نوجوان کرکٹرز کو غیر ملکی کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ترانے کے حوالے سے کوئی ایشو نہیں، ترانے کے حوالے سے ہر کسی کی اپنی رائے ہے، ہمارا فوکس پاکستان کرکٹ کے بڑے ایشوز پر ہے، مجھے ترانہ پسند ہے جتنا سنیں گے اتنا اچھا لگنے لگے گا، میچز شروع ہونے دیں بحث سے فوکس کرکٹ پر چلا جائے گا۔

Advertisement

@geonews_sport