Advertisement

کھیل
time icon 16 فروری ، 2021

پی ایس ایل 6 میں مداحوں کو مایوس نہیں کروں گا، شاہد آفریدی

دنیا بھر کے کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں، شاہد آفریدی،فوٹو: جیو نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کریں گے۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں بوم بوم آفریدی نے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے کافی پرجوش ہیں، ہر کوئی، چاہے کرکٹر ہو یا فین ،اس ٹورنامنٹ کے آغاز کا منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بار ٹورنامنٹ میں تمام ٹیمیں سخت ہیں اور فینز کو اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں بولنگ کا معیار اعلی پائے کا ہے، انہوں نے دنیا بھر میں لیگ کرکٹ کھیلی ہے لیکن جیسی بولنگ کا سامنا پی ایس ایل میں ہوتا ہے ایسا کسی اور لیگ میں نہیں ہوتا، پاکستان سپر لیگ ملک کی پہچان اور ایک بڑ ابرانڈ بن چکا ہے، سب کی ذمہ داری ہے کہ اس کو مل کر کامیاب بنائیں۔

40 سالہ شاہد آفریدی نےکہا کہ پاکستان کرکٹ کو اس لیگ کی وجہ سے بہت ٹیلنٹ ملا ہے، یہ لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک اچھا موقع ہے کہ اس میں پرفارم کریں اور اپنے کیرئیر میں آگے بڑھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں جس سے پی ایس ایل کے معیار کا اندازہ ہوتا ہے۔

900 سے زائد پروفیشنل کرکٹ میچز کھیلنے والے شاہد آفریدی پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔

اپنی کارکردگی کے بارے میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ خود بھی پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے منتظر ہیں اور اپنی فٹنس اور پرفارمنس سے فینز کو مایوس نہیں کریں گے۔

Advertisement

@geonews_sport