17 فروری ، 2021
لاہور: نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بولنگ کوچ کی تلاش کے لیے اشتہار دیا جائے گا ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ برس انگلینڈ میں مقیم سابق ٹیسٹ کرکٹرز محمد زاہد کی بولنگ جب کہ عتیق الزمان کی فیلڈنگ و وکٹ کیپنگ کوچ کی حیثیت سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں خدمات حاصل کیں۔
محمد زاہد نے ابھی مکمل طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دینا شروع بھی نہیں کی تھیں کہ وہ دسمبر میں چھٹیاں گزارنے انگلینڈ گئے لیکن اس کے بعد واپس لاہور پہنچ کر انہوں نے دوبارہ کام کا آغاز نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد زاہد مزید کام جاری نہیں رکھ سکتے، انہیں فیملی ایشوز کا سامنا ہے اور ان کی فیملی کی خواہش ہے کہ وہ ان کے پاس انگلینڈ میں رہیں، ایسے میں محمد زاہد کی جگہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں نئے بولنگ کوچ کی تعیناتی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اس کے لیے جلد محمد زاہد سے ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان حتمی بات چیت کریں گے جس کے بعد پی سی بی باضابطہ اعلان کرے گا اور نئے کوچ کی تلاش کے لیے اشتہار دیا جائے گا۔