Time 18 فروری ، 2021
انٹرٹینمنٹ

دھرمیندرنے ہیمامالنی کی جتیندر سے شادی کیسے رکوائی! اداکار جوڑی کی شادی کی دلچسپ روداد

 دھرمیندر کی پہلی شادی 1954 میں 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی جن سے ان کے 2 بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول ہیں،فوٹو: فائل

بالی وڈ کے معروف اداکار دھرمیندر اور ڈریم گرل اداکارہ ہیمامالنی کا شمار  فلم انڈسٹری کی کامیاب جوڑیوں میں ہوتا ہے۔

دھرمیندر اور ہیما مالنی کی شادی بڑے دلچسپ انداز میں ہوئی اور ہیما مالنی کے والدین کی رضامندی نہ ہونے کے باعث دونوں کو کافی مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

ہیمامالنی کے والدین کی مخالفت کی سب سے بڑی وجہ دھرمیندر کا پہلے سے شادی شدہ  اور 2 بچوں کا باپ ہونا تھا۔

 دھرمیندر کی پہلی شادی 1954 میں 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی جن سے ان کے 2 بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول ہیں جب کہ ہیمامالنی سے ان کی شادی 1980 میں ہوئی جن سے ان کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہانا دیول ہیں۔


شادی سے قبل دونوں نے اسلام بھی قبول کیا کیونکہ ہندو مذہب میں ایک سے زائد شادیوں کی اجازت نہیں ہے۔

رپورٹس کے مطابق ہیما مالنی کو دھرمیندر کے علاوہ  دیگر بھارتی اداکار جيتندر اور سنجیو کمار بھی پسند کرتے تھے، تاہم خود ہیمامالنی دھرمیندر کے عشق میں گرفتار تھیں، اس درمیان ایسی بھی خبریں آ رہی تھیں کہ جیتندر اور ہیما مالنی نے شادی کرنےکا فیصلہ کرلیا اور وہ چنئی میں ہیں۔

اس حوالے سے ہیمامالنی نے اپنی خودنوشت میں دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے، ان کے مطابق والدہ نے دھرمیندر اور میرا معاملہ ختم کرانے کے لیے فیصلہ کیا کہ میری شادی کردی جائے۔

والدہ نے ہیمامالنی پر زور دیا کہ وہ اپنے دوست اداکار جتیندر سے شادی کرلیں، بالآخر والدہ کے اصرار پر وہ جتیندر کے گھر والوں سے ملنے کے لیے راضی ہوگئیں اور بالآخر بہت اصرار کے بعد دونوں خاندان شادی پر راضی ہوگئے۔


کتاب کے مطابق جتیندر بھی ان سے شادی نہیں کرنا چاہتے تھے تھے بلکہ وہ انہیں دوست سمجھتے تھے تاہم والدین کے اصرار پر وہ بھی خاموش تھے۔

 شادی کے لیے دونوں خاندان خاموشی سے چنئی پہنچ گئے تاہم اس حوالے سے اڑتی اڑاتی خبر ایک مقامی اخبار تک پہنچ گئی جس پڑھ کر دھرمیندر بغیر وقت ضائع کیے ممبئی میں موجود جتیندر کی گرل فرینڈ اور موجودہ بیوی شوبھا کو لے کر چنئی پہنچ گئے جہاں  شوبھا نے مبینہ طور پر ہنگامہ بھی کیا جب کہ ہیما مالنی کے والد نے نشے میں موجود دھرمیندر کو دھکے دےکر گھر سے نکال دیا اور کہا کہ تہم ہماری بیٹی کی زندگی سے نکل کیوں نہیں جاتے۔


 اس ہنگامے کے بعد جتیندر نے الگ کمرے میں کافی دیر ہیمامالنی سے ملاقات کی جب کہ باہر دھرمیندر چیخ پکار کرتے رہے اور ہیما کو کہتے رہےکہ یہ غلطی مت کرنا، ساتھ ہی شوبھا نے بھی ہنگامہ مچائے رکھا۔

کافی دیر بعد جب سرخ آنکھوں کے ساتھ ہیماباہر آئیں تو انہوں نے سب کو چلے جانے کو کہا جس پر جتیندر کے گھر والوں نے کہا کہ ہمیں واضح جواب چاہیئے ہاں یا نہ؟ جس پر ہیما نے انکار میں سر ہلادیا اور جتیندر کے گھر والے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔

 بعد ازاں دونوں نے شادی کرلی اور اور اب دونوں نانا نانی بھی بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :