18 فروری ، 2021
برازیل کے لیجنڈری فٹبال کھلاڑی پیلے نے اعتراف کیا ہےکہ ان کے خواتین کے ساتھ بے شمار افئیرز رہے اور ان خواتین سے ان کےکتنے بچے ہیں اس کی تعداد بھی وہ نہیں جانتے۔
خود پر بننے والی ایک حالیہ دستاویزی فلم میں پیلے نے اپنے عروج کے زمانے میں ہونے والے معاشقوں کا اعتراف کیا۔
3 شادیاں کرنےوالے 80 سال کے پیلے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی بیویوں اور گرل فرینڈز کو بتادیا تھا کہ وہ قابل بھروسہ نہیں ہیں۔
پیلے نے بتایا کہ ان کے بے شمار افیئرز رہے جن میں بعض میں ان کے بچے بھی ہوئے جن کے متعلق انہیں بعد میں پتہ چلا، جب کہ بہت سوں کے بارے میں وہ خود بھی نہیں جانتے ہیں ۔
خیال رہےکہ پیلے کے7 بچے معلوم ہیں جن میں سے ایک بیٹی کو انہوں نے عدالت کی جانب سے بیٹی قرار دینے کے باجود تسلیم نہیں کیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ میری پہلی گرل فرینڈ اور پہلی بیوی کو اس سب کے بارے میں معلوم ہے، انہوں نے اس سے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔
واضح رہےکہ پیلے مرد اور خواتین ایتھلیٹس میں وہ واحد کھلاڑی ہیں جن کی سربراہی میں برازیل نے تین ورلڈ کپ جیتے ، اس کے علاوہ انھوں نے اپنے کلب اور ملک کے لیے 1363 میچز میں 1281 گول اسکور کر کے عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔
1961 میں اس وقت کے برازیلی صدر جینیو کوڈروس نے ایک فرمان جاری کیا تھا جس کے تحت پیلے کو ’قومی خزانہ‘ قرار دیا گیا تھا جسے باہر نہیں بھیجا جاسکتا تھا اور ان پر غیر ملکی کلب کی نامئندگی کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔