19 فروری ، 2021
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں شدید بے نظمی، 2 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ن لیگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن آمنے سامنے آگئے، پولنگ اسٹیشن347 میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔
الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن اور ن لیگ کا ایک کارکن جاں بحق ہوا۔
ڈسکہ کلاں پولنگ اسٹیشن کے باہر بھی فائرنگ ہوئی۔
اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51گوجرانوالہ میں بھی کئی مقامات پر بے نظمی دیکھنے میں آئی، صوبائی وزیر محمود الرشید کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرنوٹس جاری کردیا گیا۔
پولنگ کے دوران ڈسکہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کھلے عام جدید اسلحہ لیے سڑکوں پر دندناتے رہے، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا، شہریوں میں بھگدڑ مچ گئی۔
ن لیگ نے الزام لگایا کہ ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد کی موجودگی میں فائرنگ کی گئی ، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
ڈسکہ میں پولنگ اسٹیشن 346 میں خاتون ووٹر کی کھلے عام مہر لگانے کی وڈیو جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے ۔