امیتابھ اور عمران ہاشمی کی فلم کا پوسٹر جاری، ریا چکرابورتی غائب

2019 میں خود ہی اداکارہ ریا چکرابورتی نے ٹوئٹ کرکے بتایا تھا کہ وہ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں— فوٹو:فائل 

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور عمران ہاشمی کی فلم ’چہرے‘ کا پوسٹر جاری کردیا گیا۔

گزشتہ روز فلم ’چہرے‘ کا پوسٹر جاری کیا گیا ہے جس میں امیتابھ بچن، عمران ہاشمی اور دیگر اداکار نظر آرہے ہیں جبکہ فلم میں اداکارہ ریا چکرابورتی بھی شامل ہیں لیکن ان کی تصویر یا نام نہیں ہے۔

خیال رہے کہ 2019 میں خود ہی اداکارہ ریا چکرابورتی نے ٹوئٹ کرکے بتایا تھا کہ وہ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں تاہم فلم کا پوسٹر سامنے آنے کے بعد مداحوں نے فوری طور پر نوٹس کیا اور سوشل میڈیا پر سوال اٹھنا شروع ہوگئے ہیں۔

امیتابھ بچن اور عمران ہاشمی نے بھی فلم کا پوسٹر اپنے اکاؤنٹس سے شیئر کرائے اور سب اداکاروں کو ٹیگ کیا لیکن دونوں نے اداکارہ ریا کو ٹیگ نہیں کیا۔

فلم بینوں کی جانب سے سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا کسی بھی تنازع سے بچنے کیلئے ریا کی تصویر اور نام استعمال نہیں کیا گیا ؟ یا پھر ان کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔

اس معاملے پر فلم پروڈکشن ہاؤس یا کسی بھی اداکار اور ریا کی جانب سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی تھی جبکہ ریا ان کی گرل فرینڈ تھی جس کو بعد میں سشانت کو نشہ دینے کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :