پاکستان
Time 24 فروری ، 2021

یوسف رضا گیلانی کی شہباز شریف سے ملاقات، سینیٹ الیکشن پر مشاورت

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضاگیلانی نے صدر مسلم لیگ ن اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق یوسف رضاگیلانی نے لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے صدر  شہباز شریف سے ملاقات میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مشاورت کی اور  آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا اہم پیغام شہباز شریف تک پہنچایا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ پی ڈی ایم ایک حقیقت ہے، ضمنی الیکشن میں بہترین نتائج دیے ہیں، پی ڈی ایم کی کامیابی عوام اور جمہوریت کی کامیابی ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیےکام کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ مریم نواز اور اختر مینگل سے بھی ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے آئین میں باقاعدہ طریقہ کار موجودہے ، اکٹھے ہو کر الیکشن لڑ رہے ہیں، ان شا اللہ جیت جمہوریت کی ہوگی۔

مزید خبریں :