Advertisement

کھیل
time icon 25 فروری ، 2021

کراچی میں PSL کے باقی میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کی اجازت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  نے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کے آئندہ راؤنڈ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی اور آج رات سے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوجائے گی۔

پی سی بی کے مطابق اب کراچی میں آئندہ میچوں میں پچاس فیصد شائقین کو بیٹھنے کی اجازت ہوگی جب کہ ایونٹ میں شامل لاہور لیگ کے میچز سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت آج بروز جمعرات کی رات 10 بجے سے شروع ہوجائے گی۔ 

ٹکٹ خریدتے وقت شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا۔ جب مذکورہ شخص کی ٹکٹ کنفرم کردی جائے گی تو اسے اپنے رجسٹرڈ کروائے گئے فون نمبر پر ایک ٹوکن نمبر بھیجا جائے گا، جس پر ایزی پیسہ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ٹکٹ کی رقم جمع کروائی جاسکے گی۔

رقم جمع کروانے پر مذکورہ شخص کو ایک ای ٹکٹ کوڈ بھجوایا جائے گا، جس کا پرنٹ یا ایس ایم ایس دکھا کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ 

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کاکہنا ہے کہ فینز پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے ۔ اس پس منظر میں پی سی بی این سی او سی کا مشکور ہے کہ جس نے تمام راؤنڈ میچز کے لیے 50 فیصدتک اورپلے آف اور فائنل کے لیے 100 فیصدتک تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے۔

Advertisement

@geonews_sport