Advertisement

کھیل
time icon 25 فروری ، 2021

پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں و آفیشلز کیلئے گالف ڈے کا انعقاد

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کیلئے کراچی میں موجود ملکی و غیر ملکی کرکٹرز اور آفیشلز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو گالف ڈے منعقد کیا جس میں مختلف ٹیموں سے پلیئرز اور آفیشلز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے پہلے مرحلے کیلئے 150 کے لگ بھگ کرکٹرز اور آفیشلز کراچی میں موجود ہیں۔

کورونا وبا کی وجہ سےکھلاڑی ہوٹل اور گراؤنڈ کے بائیو سیکیور ببل میں ہی محدود ہیں تاہم پی سی بی نے جمعرات کو پلیئرز کیلئے ریلیکس ہونے کا بندوبست کیا تاکہ کرکٹرز اور آفیشلز پر ذہنی دباؤ نہ ہو۔

پی سی بی ترجمان نے بتایا کہ گالف ڈے پہلے ہی سے جمعرات کو شیڈول تھا ، ٹیموں کے تعاون سے گالف ڈے کیلئے بائیو سیکیور ماحول تیار کیا گیا کیوں کہ گالف ہی ایک ایسی ایکٹیویٹی تھی جس میں بائیو سیکیور ماحول بنانا آسان تھا اور اکثر کرکٹرز بھی گالف کا شوق رکھتے ہیں۔

پی سی بی ترجمان کا کہنا تھا کہ پلیئرز کو کمروں میں بند نہیں رکھا جاسکتا اس لیے اس طرح کی ایکٹیوٹی کی گئی جس میں کھلاڑی کھلی اور محفوظ فضا میں اپنا وقت گزار سکیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی ایک بڑی تعداد نے اس ایکٹیوٹی میں شرکت کی۔

Advertisement

@geonews_sport