Advertisement

کھیل
time icon 25 فروری ، 2021

قلندرز کے پلیئرز بھرپور فارم میں ہیں، ٹیم اس بار بھی اچھے نتائج دے گی، سمت پٹیل

لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ میں اچھا آغاز کیا ہے، امید ہے آخر تک اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، انگلش آل راؤنڈر— فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز میں شامل انگلش آل راؤنڈر سمِت پٹیل کا کہنا ہے کہ فخر زمان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف میچ میں جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اس سے وہ کافی متاثر ہوئے ہیں، قلندرز کے مقامی پلیئرز بھرپور فارم میں ہیں، ٹیم اس بار بھی اچھے نتائج دے گی۔

خصوصی انٹرویو میں 36 سالہ انگلش آل راؤنڈر نے کہا کہ لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ میں اچھا آغاز کیا ہے، امید ہے آخر تک اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، اصل چیز مومینٹم ہوتی ہے جو قلندرز نے پچھلے پلے آف کے دوران حاصل کیا تھا اور اب بھی برقرار ہے۔

تینوں فارمیٹس میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ پچھلے سیزن میں نمایاں پرفارمنس دینے والے غیر ملکی کرکٹرز کا کور گروپ برقرار ہے اور ساتھ ساتھ لاہور قلندرز کے مقامی پلیئرز بھی بھرپور فارم میں ہیں، حفیظ شاندار انداز میں بیٹنگ کررہے ہیں، فخر زمان بھی فارم میں آگئے ہیں جبکہ شاہین اور حارث رؤف کی بولنگ فارم بھی اچھی ہے۔

ایک سوال پر انگلینڈ کے کرکٹر نے کہا کہ لاہور قلندرز کا اسکواڈ پی ایس ایل میں اچھا کرنے کیلئے اور ٹرافی اٹھانے کیلئے پر اعتماد ہے، ٹارگٹ ہے کہ ہر میچ میں تسلسل کے ساتھ مثبت اور اچھی کرکٹ کھیلیں، قلندرز کے اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز کا اچھا کمبی نیشن ہے جو ٹیم کی جیت کیلئے پرجوش ہے۔

سمت پٹیل کا کہنا تھا کہ دو میچز میں راشد خان کی موجودگی اور صورتحال کی وجہ سے بولنگ کا موقع نہیں ملا لیکن وہ ہر میچ میں ہر رول کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹنگ میں ان کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ ڈیوڈ ویئسا کے ساتھ مل کر میچ فنشنگ میں کردار ادا کریں۔

انگلش کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگ رہا ہے، پاکستان میں کراؤڈ ہمیشہ پرجوش رہتا ہے اور ہر ٹیم کی سپورٹ کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پہلی بار جب 2017 میں پاکستان آئے تو معلوم نہیں تھا کہ کیا ہوگا لیکن یہاں آکر بہترین سیکیورٹی دیکھی، پاکستان کرکٹ کھیلنے کیلئے ایک بہترین ملک ہے۔

انہوں نے لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈولپمنٹ پروگرام کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے محروم رہ جانے والے کرکٹرز کیلئے پلیئرز ڈولپمنٹ پروگرام ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے اپنے ٹیلنٹ کو منوائیں۔

Advertisement

@geonews_sport