25 فروری ، 2021
بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت کی والدہ ان دنوں کینسر کے علاج کی غرض سے اسپتال میں داخل ہیں۔
راکھی ساونت کی والدہ کی آج کیموتھراپی ہوئی جس کے بعد وہ اپنی والدہ سے ملنے اسپتال پہنچیں تو فوٹوگرافرز نے انہیں گھیر لیا۔
راکھی نے ہاتھ میں کیلے بھی پکڑ رہے تھے اور جب ان سے پوچھا گیا کہ کیلے کیوں تو انہوں نے کہا کہ ’ممبی کی کیمو تھی آج، ان سے ملنے آئی ہوں اور ان ہی کیلئے کیلئے لائی ہوں’۔
اسی دوران وہاں اداکارہ کشمیرا شاہ بھی پہنچ گئیں جنہوں نے راکھی کو گلے لگایا اور دونوں اسپتال کے اندر چلے گئے۔
بعد ازاں اداکارہ کشمیرا شاہ اور سمبھاونا کو اسپتال سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا جنہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ راکھی کی والدہ ابھی ٹھیک ہیں، راکھی کو اخلاقی اور مالی معاونت کی ضرورت ہے اور ہم اس کیلئے موجود ہیں، ہم سے جو ہوگا وہ کریں گے۔
کشمیرا نے بتایا کہ راکھی ساونت مدد پر سلمان خان کی بھی مشکور ہیں۔
خیال رہے کہ راکھی ساونت نے حال ہی میں ختم ہونے والے بگ باس کے سیزن 14 میں شرکت کی تھی تاہم وہ فائنل سے قبل ہی دستبردار ہوگئی تھیں جس کے بعد انہوں نے اسپتال میں موجود اپنی والدہ کے ساتھ تصویر پوسٹ کرکے والدہ کی بیماری سے پہلی بار سب کو آگاہ کیا تھا۔
شو کے دوران بھی راکھی متعدد بار کہہ چکی تھیں کہ ان کی والدہ بیمار ہیں اور انہیں علاج کیلئے ڈھیر سارے پیسے چاہئیں تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کی والدہ کینسر سے جنگ لڑ رہی ہیں۔