Time 26 فروری ، 2021
دنیا

سری لنکا: کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین پر عائد پابندی ختم

فوٹو: اے پی

سری لنکن حکومت نے کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین پر عائد پابندی اٹھالی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کی وزارت صحت کے ترجمان نے حکومت کی جانب سے اس متنازع پابندی کو ختم کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

سری لنکن حکومت نے کورونا وائرس سے مرنے والوں کو دفن کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے لاش کو جلانے کا حکم دیا تھا جس پر عالمی برادری اور بالخصوص مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

سری لنکن حکومت کے اس اقدام کے خلاف ملک میں احتجاج بھی کیا گیا تھا جس پر حکومت نے چند ماہ بعد یہ پابندی ختم کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکن حکومت نے پابندی کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وائرس سے مرنے والوں کو دفنانے سے زیر زمین پانی کے ذریعے وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے تاہم مسلم کمیونٹیز نے حکومت کے مؤقف کو مستردکردیا تھا۔

مسلم کمیونٹیز کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس فیصلے کا کوئی سائنسی جواز موجود نہیں اور میت کو تدفین کے بجائے جلائے جانا اسلامی عقائد کے برعکس ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر سری لنکا کے مسلم ارکان اسمبلی نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ حکومت کے ساتھ اس معاملے پر بات کریں۔

دوسری جانب سری لنکا میں مسلمان کمیونٹیز کی جانب سے گزشتہ دنوں صدر کے دفتر کے سامنے احتجاج بھی کیا گیا تھا اور تدفین پر عائد پابندی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت نے بھی اس حوالے سے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے مرنے والے شخص کو دفنانے میں کوئی حرج نہیں۔

مزید خبریں :