27 فروری ، 2021
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ میں کمنٹیٹر کی جانب سے ذاتی نوعیت کے تبصرے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔
ٹوئٹر پر غصےکا اظہار کرتے ہوئے ڈیل اسٹین نے کسی کمنٹیٹر کا نام تو نہیں لیا لیکن اس جانب اشارہ ضرور کردیا کہ وہ نیوزی لینڈ کے سائمن ڈول کی بات کررہے ہیں۔
ڈیل اسٹین نے اپنی پہلی ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کون سا کمنٹیٹر تھا جس نے کہا کہ میری زندگی بحرانی کیفیت کا شکار ہے ؟
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں جمعے کی شب کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ میں کوئٹہ کی بیٹنگ کے دوران جب ٹی وی اسکرین پر ڈریسنگ روم پر بیٹھے ڈیل اسٹین کو دکھایا گیا تو کمنٹیٹر نے ڈیل اسٹین کے بالوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بالوں سے بحرانی کیفیت کا احساس ہوتا ہے۔
ڈیل اسٹین کا کہنا تھاکہ کمنٹیٹر کا کام کرکٹ پر تبصرہ کرنا ہے وہ وہی کریں، اگر وہ اپنا ائیر ٹائم کسی کی ذاتی زندگی ، اسٹائل یا توجیہات پر تبصرہ کریں گے تو ان کی نظر میں ایسے فرد کے لیے بطور انسان کوئی عزت نہیں۔
جمعے کی شب ہونے والے میچ میں ڈیل اسٹین نے 4 اوورز میں 44 رنز دیے تھے، زلمی کی اننگز کے 19ویں اوور میں وہاب ریاض نے ان کی بولنگ پر دو جب کہ ردرفورڈ نے ایک چھکا لگاکر مجموی طور پر 21 رنز سمیٹے جس کی وجہ سے میچ پر کوئٹہ کی پویشن کمزور ہوئی اور ٹیم 3 وکٹ سے میچ ہارگئی۔
جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پاکستان میں ایک بار پھر کراؤڈ کے سامنے کھیل کر اچھا لگا، بدقستمی سے گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میچ ہاری لیکن ٹیم بقیہ میچز میں کم بیک ضرور کرے گی۔
ٹیم | میچ | پوائنٹ |
---|---|---|
لاہور قلندرز | 10 | 14 |
ملتان سلطان | 10 | 12 |
اسلام آباد یونائیٹڈ | 10 | 12 |
پشاور زلمی | 10 | 10 |
کراچی کنگز | 10 | 6 |
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز | 10 | 6 |