Advertisement

کھیل
time icon 28 فروری ، 2021

شاداب خان کو کراچی کے تماشائیوں سے شکوہ

فوٹو: فائل

پی ایس ایل ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین غلطیوں سے سبق نہیں سیکھ رہے بلکہ غلطیاں دہرا رہے ہیں، آئندہ کے میچز میں کوشش کرنا ہو گی کہ غلطیاں نہ کریں۔

پشاور زلمی کے ہاتھوں پی ایس ایل میچ میں شکست کے بعد آلراؤنڈر کا کہنا تھا کہ ان کا ٹاپ آرڈر اس انداز میں پرفارم نہیں کر رہا جس انداز میں کرنا چاہیے اور بار بار غلطیاں دہرائی جا رہی ہیں، اس میچ میں بھی ایسا ہی ہوا، آئندہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 118 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور اسے ٹورنامنٹ میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس سے قبل کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے خلاف اس نے میچز تو جیتے لیکن دونوں میں لوور مڈل آرڈر نے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔

پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائٹید کے چھ کھلاڑی 86 پر پویلین لوٹ گئے تھے، اس سے قبل ملتان سلطانز کے خلاف اس کو 74 پر چھ کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑا تھا جب کہ کراچی کے خلاف میچ میں بھی 84 رنز پر اس کے چار کھلاڑی آو ٹ ہو گئے تھے۔

شاداب خان نے کہا کہ اس بات کا احساس کرنا ہوگا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں 120 گیندیں کھیلنا ہوتی ہیں اور ہر گیند پر رن کے لیے نہیں جا سکتے، امید ہے بیٹسین اگلے میچز میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر نے کہا کہ انجری کی وجہ سے تین ماہ کرکٹ سے دور رہے، کم بیک کبھی بھی آسان نہیں ہوتا لیکن وہ آہستہ آہستہ اپنا ردھم بحال کر رہے ہیں، اگلے میچز میں بطور آلراؤنڈر اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے تماشائیوں کی موجودگی کی تعریف کی لیکن ساتھ ساتھ شکوہ بھی کیا کہ تماشائی ان کی ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہے مگر امید ضرور ہے کہ آنے والے میچز میں نیشنل اسٹیڈیم پر تماشائی اسلام آباد یونائٹید کی بھی سپورٹ کریں گے۔

Advertisement

@geonews_sport