Advertisement

کھیل
time icon 28 فروری ، 2021

لاہور قلندرز نےکراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) سکس کے 11 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر کراچی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے جس پر لاہور قلندرز نے 187 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

کراچی کی اننگز 

کراچی کے بلے بازوں نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا  تاہم بابراعظم تیسرے اوور میں 5 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

37کے مجموعی اسکور پر جو کلارک کو حارث رؤوف نے رن آؤٹ کردیا، جب کہ اگلی ہی گیند پرکولنگ انگرام کو احمد دانیال نے صفر پر بولڈ کردیا۔

اس موقع پر شرجیل خان نے اپنی جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ بھی 113 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے، شرجیل نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔

 محمد نبی نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 35 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی اور حارث رؤوف کا شکار بنے۔

کراچی کنگز نے 20 اوورز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔

لاہور کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ  احمد دانیال، حارث رؤوف، ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں لاہور کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں کپتان سہیل اختر  بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر عامر نے جو ڈینلی کو کلین بولڈ کردیا۔

33 کے مجموعی اسکور پر حفیظ بھی وقاص مقصود کا شکار ہوگئے، انہوں نے 15 رنز بنائے۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان اور بین ڈنک نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو 119 رنز کی قیمتی شراکت فراہم کی۔

152 کے اسکور پر فخر کرسٹیان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 54 گیندوں پر 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کے بعد آنے والے ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 9 گیندوں پر 31 رنز بناڈالے اور ٹیم کو فتح دلوادی جب کہ دوسری جانب بین ڈنک نے بھی 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

 کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر، وقاص مقصود اور کرسٹیان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 شاہین شاہ آفریدی کو بہترین بولنگ پر  میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

Advertisement

@geonews_sport