03 مارچ ، 2021
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کے موقع پر اراکین اسمبلی کے ایوان میں داخلے کے لیے موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔
قومی اسمبلی میں اراکین کے موبائل اندر لے جانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، ایوان میں داخلے کے وقت پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل نے سب سے پہلے موبائل جمع کروایا۔
جب کہ اپوزیشن رکن اور سکیورٹی عملے کے درمیان موبائل فون جمع کروانے کے معاملے پر تکرار بھی ہوئی۔
اس موقع پر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کسی حکومتی رکن کا موبائل اندر گیا تو سیکیورٹی اسٹاف کا ذمہ دار ہوگا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے لیے ہدایت نامہ لگایا گیا ہے جس میں کسی کو بھی پولنگ اسٹیشن میں موبائل یا کیمرا لے جانے سے منع کیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہےکہ پابندی کا اطلاق ووٹر، امیدوار اور پولنگ ایجنٹ سمیت سب پر ہوگا۔
ہدایت نامے میں بتایا گیا ہےکہ ارکان کو بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے لیے اسمبلی سے جاری شدہ کارڈ دکھانا ہوگا، عام نشست کیلیے بیلٹ پیپر سفید اور خواتین کی نشست کے لیے گلابی بیلٹ پیپر جاری ہوگا۔
ہدایت نامے کے مطابق بیلٹ پیپر پر ووٹر کی شناخت کا نشان لگنے پر ووٹ مسترد تصور ہوگا۔