03 مارچ ، 2021
سینیٹ انتخابات میں سندھ اسمبلی کی تمام 11 نشستوں کے غیرسرکاری نتائج آگئے۔
سندھ اسمبلی سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر انتخابات میں سندھ اسمبلی کے 168 میں سے167 اراکین نےحق رائے دہی استعمال کیا جبکہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے رکن سید عبدالرشید نے پارٹی پالیسی کے تحت ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق 167 میں سے 4 ووٹ مسترد قرار پائے ہیں۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق 11 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی نے 7، متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 2، 2 پر کامیابی حاصل کی۔
سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، تاج حیدر، شہادت اعوان اور جام مہتاب ڈہر کامیاب قرار پائے جبکہ جنرل نشست پرایم کیوایم کے فیصل سبزواری اور پاکستان تحریک انصاف کے فیصل واوڈا جیت گئے ہیں۔
خواتین کی 2 نشستوں پر پیپلزپارٹی کی پلوشہ خان جبکہ ایم کیوایم کی خالدہ اطیب کامیاب قرار پائیں۔
خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کو 7 ووٹ زیادہ ملے کیونکہ پیپلز پارٹی کی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 99 ہے۔
پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان نے 60 اور خالدہ اطیب کو 57 ووٹ ملے۔
ٹیکنو کریٹس 2 نشستوں پر پیپلزپارٹی کے فاروق ایچ نائیک اور پاکستان تحریک انصاف کے سیف اللہ ابڑو کامیاب ہوئے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کو 5 ووٹ زیادہ ملے ہیں، فاروق ایچ نائیک نے 61 جبکہ سیف اللہ ابڑو 57 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔