03 مارچ ، 2021
سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کا چہرہ، آواز اور ان کی حرکتیں عوام کے سامنے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی اور وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران خان ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے، اور واضح ہوجائے گا کون کہاں کھڑا ہے؟ آج کا دن جمہوریت کیلئے افسوس کا مقام ہے جو جمہوریت کے علمبردار تھے انہوں نے جمہوری قدروں کو روندا ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں ، یہ یکجا ہو گئے ان میں کوئی مطابقت نہیں یہ فرار کی سیاست کرتے ہیں، ہم اس فرار کی سیاست کو دفن کرکے دم لیں گے، وزیراعظم کا حوصلہ ہے ارکان کی باتیں سنتے ہیں، اگر ارکان ناراض تھے تو کھل کر چلے جاتے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ حق اور باطل کی لڑائی ہم لڑتے رہیں گے۔
خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔
حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔
قومی اسمبلی کے ریٹرننگ افسر کے مطابق 340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔