راولپنڈی میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، ایس ایچ او عمران عباس شہید

راولپنڈی میں کچہری چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) تھانہ ریس کورس عمران عباس شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایس ایچ او میاں عمران عباس کا پیچھا کیا اور کچہری چوک کے قریب فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس  نے بتایا کہ ایس ایچ او کو ایک ایک گولی گردن میں لگی جس پر انہیں ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کے مطابق حملے کے وقت میاں عمران عباس اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ جا رہے تھے۔

عمران عباس تھانہ ریس کورس میں بطور انسپکٹر فرائض انجام دے رہے تھے۔

ایس ایچ او میاں عمران عباس کے والد میاں عباس بھی 20 سال قبل چوکی ریس کورس میں تعیناتی کے دوران شرپسند عناصر کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں۔

پولیس کے مطابق عمران عباس کئی تھانوں میں ایس ایچ او تعینات رہے اور بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے احسن کارکردگی کی بناء پر 92 انعامات حاصل کیے جبکہ شہید نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹوں اورایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

مزید خبریں :